Saturday, March 28, 2020

کیا کتے کورونا وائرس سونگھ سکتے ہیں؟ ماہرین کا بڑا دعویٰ

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کے ٹیسٹ مخصوص کٹس کے ذریعے ہی کیے جا رہے ہیں لیکن اب ماہرین نے اس حوالے سے ایک بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق لندن سکول آف ہائی جین اینڈ ٹروپیکل میڈیسن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ”ہمیں یقین ہے کہ کتے کورونا وائرس کے مریض کو سونگھ کر اس میں مرض کی تشخیص کر سکتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہر مرض کی ایک مخصوص بو ہوتی ہے جو ہم انسان نہیں سونگھ سکتے مگر کتے سونگھ سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ”ملیریا کے حوالے سے تحقیقات میں ثابت ہو چکا ہے کہ کتے سونگھ کر انتہائی درستگی سے اس کا پتا چلا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ نظام تنفس کی دیگر بیماریوں کے حوالے سے بھی یہ تجربہ کیا جا چکا ہے چنانچہ ہمیں یقین ہے کہ کتے کورونا وائرس کا بھی سونگھ کر پتا چلا سکتے ہیں۔“ ادارے کے شعبہ میڈیکل ڈی ٹیکشن ڈاگز کی چیف ایگزیکٹوکلیئر گیسٹ کا کہنا تھا کہ وہ کتوں کو کورونا وائرس کے مریض کو سونگھ کر تشخیص کرنے کی تربیت دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ہم کتوں کو 6ہفتے میں یہ تربیت دے سکتے ہیں جس کے بعد ان کتوں کے ذریعے کورونا وائرس کے مریضوں کے ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔